بنگلورو،4؍جولائی(ایس او نیوز) ریاستی اسمبلی اجلاس جو کل سے شروع ہوا آج اجلاس کے دوسرے ہی دن کانگریس جنتادل (ایس) حکمران اتحاد خاص طور پر کانگریس کے بیشتر اراکین کی غیر حاضری حکومت کے لئے پریشانی کا سبب بن گئی۔
ایوان میں اکثراراکین کی غیر حاضری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اسپیکر رمیش کمار نے برہمی ظاہر کی اور کہاکہ حساس معاملوں میں ایوان میں بحث کے دوران اراکین کو حاضر رہنا چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ ایوان کے لئے منتخب نئے ممبر حاضر ہوئے ہیں لیکن سینئر ممبروں کی غیر حاضری ایک اچھا تاثر نہیں ہے۔ ایسے مرحلے میں جبکہ ایوان میں گورنر کے خطبے پر بحث اور حکومت سے جڑے دیگر معاملوں پر بحث چل رہی ہے۔ تجربے کار ممبروں کو حاضر رہ کر اس موقعے سے استفادہ کرناچاہئے۔ایسا کرنے کی بجائے بیشتر ممبر ان غیر حاضر رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
اسپیکر کی طرف سے اس لتاڑ کے بعد کانگریس کے ایشور کھنڈرے اور جنتادل (ایس) کے اے ٹی رام سوامی نے گورنر کے خطبے پر تحریک تشکر پر بحث کے سلسلے کی شروعات تحریک پیش کرنے اور تائید کرنے سے کی۔